حکومت راجہ ظفرالحق کی رپورٹ منظر عام پر لائے: اعجاز چودھری


لاہور (24 نیوز): تحریک انصاف کےمرکزی رہنما اعجاز احمد چودھری نے مطالبہ کیا ہےکہ حکومت  آئین میں ختم نبوت کی ترمیم ختم کرنے کے حوالے سےراجہ ظفرالحق کی رپورٹ منظر عام پر لائے، ترمیم کرنے والوں کےاصل کرداروں کے نام سامنے آنا ضروری ہیں۔ پی ٹی آئی ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جس سے جلدازجلد یا کم از کم وقت پر انتخابات ہوں۔

 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئین میں ختم نبوت کی ترمیم کرنے کے حوالے سے خود راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی لیکن رپورٹ سامنے لانے کی بجائے وزیر اعظم کو دے دی گئی۔ حکومت خود تسلیم کرتی ہے کہ ان سےغلطی ہوئی ہے لیکن غلطی کے مرتکب افراد کے نام سامنے آنا بھی ضروری ہیں۔

 

اعجاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ فوری انتخابات ہیں، ہم ہر وہ راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں کہ جلد از جلد یا کم از کم وقت پر انتخابات ہوں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن الیکشن اپنے پلیٹ فارم سے ہی لڑیں گے۔