جمہوریت کو خطرہ ہوا تو پیپلز پارٹی سب سنبھال لے گی: قمر الزمان کائرہ


 لاہور(24نیوز): پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف پر برس پڑے ، کہتے ہیں نواز شریف جمہوری عمل کے خلاف سازش کر رہے ہیں، عمران خان بینظیر کے قاتلوں سے اتحاد کر کے جو روشن پاکستان بنا رہے، قوم اسے دیکھ رہی ہے۔

ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں وکلاء کنونشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی بن رہی تھی تب بھی ملک کے حالات کشیدہ تھے، عوام کی بات کرنا مشکل تھا آج بھی ملک کو یہ مشکلات درپیش ہیں۔ حکمران جماعت کے نکالے گئے وزیر اعظم سازشوں کی بات کرتے ہیں۔ جتنی گالیاں عدلیہ کو ن لیگ نے نکالی کسی اور نے نہیں دی، نواز شریف جمہوریت ڈی ریل کرنے والوں کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے اقتدار تک پہنچنے کے لئے اسمبلیوں کا سہارا لیا۔انہوں نے کہا اگر جمہوریت کو خطرہ ہوا تو پیپلز پارٹی سب سنبھال لے گی، پی پی پی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، کسی آئین سے ماورا قدم کو پیپلز پارٹی قبول نہیں کریں گے۔

وسطی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیع الحق سے اتحاد کر کے کون سی روشن خیالی لا رہے، بینظیر کے قتل کی منصوبہ بندی ان کے مدرسے میں ہوئی جن کے ساتھ عمران خان اتحاد کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہا تھا کہ جمہوی نظام میں نواز شریف اور ان کے خاندان کو سزا ہو سکتی ہے ، ملک میں یہ قانون نہیں ہونا چاہیے کہ طاقتور کے لئے قانون الگ کمزور کے لئے الگ۔