نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جاسکتا: مریم نواز


 

 

لاہور (24 نیوز): مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ساندہ ماڈل روڈ کا افتتاح کردیا، کہتی ہیں کہ نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جاسکتا۔ لیگی کارکنان اور سکیورٹی گارڈ کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

 

ساندہ ماڈل روڈ کا افتتاح مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کیا، لیگی کارکنان کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، کارکنوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

 

گیارہ کروڑ کی لاگت سے ساندہ روڈ، ابدالی چوک اور ہوتاسنگھ سنت نگر تک تین کلو میٹر ماڈل روڈ بنایا جائے گا۔ لیگی رہنما مریم نواز نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بھی میاں نواز شریف عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور آج بھی ہیں۔ دو ہزار اٹھارہ میں بھی عوام مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دیں گے۔

 

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے لیگی کارکنان کے مسائل سنے کے ساتھ درخواستیں وصول بھی کیں۔ اس موقع پر لیگی رہنما میاں اسلم سلیم، شیخ اعظم، انیس خان لودھی، شہباز جٹ، عرفان تاج، سمیر بٹ، باؤ رفیق گجر، تارا بٹ، سید عرفان شاہ، عمران خان، جہانزیب خان، چودھری ساجد جٹ، آغا کامران، شہاب بشارت، سید ندیم الحسن شاہ، ثاقب ممتاز، عفی ملک سمیت دیگر لیگی رہنماؤں اور کارکنان نے مختلف مقامات پر استقبال کیا۔

 

ایم پی اے ماجد ظہور کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی قیادت میں حلقے کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔