آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے؟وزیر اعظم کراچی پہنچ گئے،اتحادیوں سے صلاح مشورہ



اسلام آباد(24 نیوز) آزادی مارچ کراچی سے نکلے گا تو کیسے نمٹا جائے؟ وزیراعظم عمران خان کھلاڑیوں اور اتحادیوں کو میدان میں اتارنے کیلئے کراچی پہنچ گئے، وزیراعظم کے دورے سے سندھ حکومت کے کپتان کو بے خبر رکھا گیا، عمران خان آئی جی سندھ کو بھی آزادی مارچ ناکام بنانے کا ٹاسک دیں گے۔

وزیراعظم نے پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات کے دوران کرنٹ لگنے سےجاں بحق افراد کےلواحقین کو معاوضہ دینے کامطالبہ تسلیم کرلیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ نیپرا رپورٹ کےمطابق متعلقہ اداروں کےخلاف کاروائی ہوگی،مہنگائی ماضی کی حکومتوں کی وجہ سےہے،وفاقی حکومت کوخود بھی مسائل کا سامنا ہے۔وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان کا چوتھا دورہ کراچی

خیال رہے اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا چوتھا دورہ کراچی ہے لیکن سندھ حکومت کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے، شیڈول کی کاپی وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھی بھجوا دی گئی لیکن وزیراعلیٰ سمیت سندھ کے کسی حکومتی نمائندے سے ملاقات طے نہیں کی گئی۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیر اعظم کے دورہ کراچی پر وزیر اعلی سندھ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کر دی۔

وزیر اعظم عمران خان سب سے پہلے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کرینگے، بعدازاں عمران خان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے طویل ملاقات کریں گے جس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے، اتحادی جماعتوں ایم کیوایم اور جی ڈی اے کے وفود کو بھی 15، 15 منٹ ملاقات کا وقت دیا گیا ہے، دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان چائنہ پاور جنریشن کا افتتاح بھی کریں گے

اظہر تھراج

Senior Content Writer