عمران خان خود پارلیمان کو تالا لگائیں گے:بلاول،آج والد سے ملاقات کرینگے

عمران خان خود پارلیمان کو تالا لگائیں گے:بلاول،آج والد سے ملاقات کرینگے


کراچی (24 نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان خود پارلیمان کو تالا لگائیں گے، موجودہ ملکی حالات پر تمام سیاسی جماعتیں احتجاج پر مجبور ہیں، کٹھ پتلی حکومت مزید چلنے والی نہیں، سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل پارلیمان سے حل کرنا چاہتی ہیں۔ آج اڈیالا جیل میں سابق صدر آصف زرداری سےملاقات کرینگے۔

جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں۔ نام نہاد جمہوریت میں ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر مارشل لا لگے گا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیے کسی کو آمریت کا موقع نہ دیں۔ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تاجر سمیت ہر کوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ مسائل حل نہیں ہونگے تو ملک انارکی کی طرف جائے گا۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے۔ وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اعتماد پیدا کریں۔

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، صوبے میں غریب کو علاج مل رہا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹرز کیساتھ مل کر اچھی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں۔ ہم نے مل کر عوام کے مسئل حل کرنے ہیں۔

بلاول بھٹو کراچی سے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں آج اپنے والد آصف علی زرداری سے ملاقات کرینگے،ملاقات کے دوران آزادی مارچ اور دیگر ایشوز ڈسکس کیے جائینگے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer