خبر دار،ہوشیار! انڈہ کھانے سے پہلے چیک کرلیں



کراچی (حسن عباس)خبر دار،ہوشیار! مارکیٹ میں پلاسٹک کے انڈے فروخت ہونے لگے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈیفنس  میں کارروائی  کرکےجعلی انڈوں کے  کریٹ قبضے میں لے کر تحقیقات  کیلئے بھیج دیا  ، دس سے 12 دنوں میں حتمی رپورٹ ملے گی ۔

دوسری جانب کراچی جوڈیشل مجسٹریٹ ساوتھ نے نقلی انڈوں کی فروخت کرنے والے ملزم سید جمیل احمد کی دس ہزار کے عیوض ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میں جعلی انڈے فروخت کرنے والے ملزم کو سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ سائوتھ کی عدالت میں پیش کیا گیا ،، پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پرائیویٹ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نقلی انڈے برآمد کیے اور دکاندار کو تحویل میں لیا ہے، یہ انڈے کون بناتا ہے اس حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز شہری کی نشاندہی پر جنرل سٹور سے دو درجن جعلی انڈے تحویل میں لیے یہ نقلی انڈے پلاسٹک مٹیریل سے تیار کیے جاتے ہیں لہذا ملزم کا ریمانڈ دیا جائے، ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے جس پر کمرے عدالت میں موجود گرفتار ملزم نے موقف اپنایا کہ میری دکان سے انڈے نہیں خریدے گئے جس شاپر میں انڈے برآمد کئے گئے ہیں ہم وہ شاپر ہی استعمال نہیں کرتے۔

بعد ازاں عدالت نے ملزم سید جمیل احمد کی 10 ہزار روپے کے  عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس حکام کو ملزم کو بری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer