نیب نے تاجروں کی شکایات کے ازالے کیلئے 6 رکنی کمیٹی بنادی

نیب نے تاجروں کی شکایات کے ازالے کیلئے 6 رکنی کمیٹی بنادی


اسلام آباد(24 نیوز)نیب نے معیشت کی بہتری،تاجروں کے تحفظات دور کرنے اوران کی جائزشکایات کے ازالے کےلیے 6 رکنی کمیٹی بنا دی۔

کمیٹی مسائل سے متعلق سفارشات چیئرمین نیب کو بھجوائے گی،سفارشات کا جائزہ نیب کی 3 رکنی کمیٹی لے گی،جو ریفرنس دائر ہوچکے ہیں ان سے متعلق شکایات کو نہیں سنا جائے گا،نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کےلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

کمیٹی میں سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدرافتخارعلی ملک، پاکستان فیڈریشن آف چیمبر اینڈ انڈسٹری کے صدرداروخان اچکزئی،بینک الفلاح کے سابق صدر عاطف باجوہ۔،لاہورچیمبر آف کامرس کے صدرانجم نثار،ملت ٹریکٹرز کے چیئرمین سکندرمصطفیٰ خان اور سی پی ایل سی کراچی کے سابق چیف جمیل یوسف شامل ہیں۔

نیب اعلامیے کے مطابق کمیٹی نیب آرڈیننس کے تحت ایگزیکٹوبورڈ کے فیصلے کی روشنی میں قائم کی گئی ہے جو مسائل سے متعلق ابتدائی سفارشات چیئرمین نیب کو بھجوائے گی،ڈپٹی چیئرمین نیب ،پراسیکیوٹرجنرل اکائونٹیبلیٹی نیب اورڈی جی آپریشن نیب پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی سفارشات کا حتمی جائزہ لے گی۔

نیب کی 3 رکنی کمیٹی حتمی سفارشات چیئرمین نیب کو ارسال کرے گی،سفارشات پر کسی تاخیر کے بغیر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، چیئرمین نیب کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کاروباری افراد پرمشتمل کمیٹی کی حیثیت صرف مشاورت کےلیے ہوگی۔نیب کوقانونی اختیارات کے استعمال پرکوئی قدغن نہیں ہوگی۔ نیب کاروباری برادی کا احترام کرتا ہے،یب کی پہلی اورآخری وابستگی پاکستان اور اس کی خوشحالی ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer