وزیراعظم کا دورہ کراچی، شکایات کے انبار لگ گئے

وزیراعظم کا دورہ کراچی، شکایات کے انبار لگ گئے


کراچی ( 24 نیوز ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی پر اتحادیوں اور پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے شکایات کے انبار لگا دیئے، ایم کیوایم نے دفاتر کی واپسی اور فواد چوہدری کے بیان پر تحفظات کا اظہارکیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے۔

گورنر ہاؤس میں وزیراعظم سے ملاقات میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے وفاقی وزرا کے رویوں سےمتعلق شکایات کیں، جس پر وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو ہفتے میں ایک گھنٹہ ارکان اسمبلی سے ملاقات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ملا، لیکن اب صورتحال بہت حد تک بہتر ہے۔ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، لیکن عوامی فلاح کے لئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نیب زدہ ہیں، اس لئے وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔

وزیراعظم سے ملاقات میں ایم کیوایم کے وفد نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر تحفظات کا اظہارکیا اور بند دفاتر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم سے جی ڈی اے کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے معظم علی عباسی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کی دعوت دی۔