بھارت مکر گیا، وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کردی

بھارت مکر گیا، وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کردی


دہلی(24نیوز) بھارت نے نیویارک میں ہونے والی سشما سوراج اور شاہ محمود ملاقات منسوخ کر دی۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت پھر مذاکرات سے بھاگ گیا ، بھارت نے خطے میں امن دشمنی کا ایک اور ثبوت دے دیا  ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے نیویارک میں ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی ہے، پاکستان سے مذاکرات پر بعد میں غور کیا جائے گا۔

خبر پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سن کر افسوس اور حیرت ہوئی، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے بھارت میں انتخابات کی تیاری ہو رہی ہے لیکن کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سےہی نکالا جا سکتا ہے، بھارت کی سیاست تقسیم دکھائی دے رہی ہے۔ بھارت کے انکار سے دوسرے سارک ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں.شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ نظریں چرانے اور آنکھیں بند کرنے سے مسائل کبھی حل نہیں ہوا کرتے، بھارت نے امن کا موقع ضائع کردیا ۔انھوں نے کہا کہ  ہماری افواج نے میدان میں اتر کر دہشتگردی کا مقابلہ کیا، ہماری افواج نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور شکست دی ، ہم نے کسی پر انگلی نہیں اٹھائی. 

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ لگتا ہے بھارت اندرونی دباؤ کا شکار ہے، ساری دنیا جانتی ہے ہم امن چاہتے ہیں ،تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کروڑوں لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں تاکہ لوگ غربت کی زندگی سے نکل سکیں، غربت کی زندگی گزارنے والوں کیلئے ہم امن چاہتے ہیں، فواد چودھری نے مزید کہا کہ ہم برابری کی سطح پر مذاکرات چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو وزرائے خارجہ کی ملاقات کیلئے خط لکھا گیا تھا، جسے بھارت نے گزشتہ روز تسلیم کرلیا تھا۔ 

امریکا نے بھی پاک بھارت رابطوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا تھا،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات ایک اچھی خبر ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔