ہوم سیریز:قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا اعلان



لاہور(24 نیوز) سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم  کا اعلان کردیا گیا۔حسن علی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔

تین ایک روزہ میچوں کے لیے قومی ٹیم کا اعلان پاکستان کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا۔ سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم ، عابد علی، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، شاداب خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

مصباح الحق نے قذافی سٹیڈیم میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد حفیظ کو سائیڈ لائن نہیں کیا بلکہ وہ پلان کا حصہ ہیں ۔  آخری دس ٹی ٹونٹی میچز میں محمد حفیظ اور شعیب ملک کی پرفارمنس بہت اچھی رہی ہے۔ یہ سیریز کھلاڑیوں کے لئے موقع ہے کہ وہ خود کو منوا سکیں ۔  عمر اکمل اور احمد شہزاد اکیڈمی میں رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ افتخار احمد کی ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس بہت اچھی ہے ۔ افتخار احمد کی فٹنس بہت اچھی ہے اور وہ اچھی فیلڈرکے ساتھ بائولربھی ہیں۔ جنید خان کی فٹنس اور ردھم کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کے لئے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں ۔  محمد رضوان نے مڈل آرڈر میں اچھا پرفارم کیا ہے اور ان کے ہوتے اضافی وکٹ کیپر بھی موجود ہوگا۔

میرے خیال میں سرفراز احمد نے بطور بلے باز اس طرح خود کو نہیں آزمایا جس طرح آزمانا چاہئیے تھا ۔  امید ہے کہ سرفراز سری لنکا کے خلاف اچھا پرفارم کریں گے۔

واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز 27 سمتبر سے کراچی میں شروع ہو گی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں کھیلی جائے گی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer