امریکا کا سعودی عرب میں فوج بھیجنے کا اعلان

امریکا کا سعودی عرب میں فوج بھیجنے کا اعلان


واشنگٹن(24 نیوز) امریکا نے رواں ماہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد وہاں فوجیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع مارک ایسپر نےصحافیوں کو بتایا کہ ان فوجوں کی تعیناتی 'دفاعی نوعیت' کی ہو گی۔ فوجیوں کی مجموعی تعداد کے بارے میں حتمی فیصلہ فی الحال نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل، یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے پچھلے ہفتے سعودی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ البتہ امریکہ اور سعودی عرب نے ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر ڈالی ہے۔یہ اعلان مارک ایسپر نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے ہمراہ جمعے کے روز کیا۔

اس موقع پر مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس حوالے سے مدد کی درخواست کی تھی۔ ان فورسز کی مدد سے دونوں ملکوں کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور امریکہ انھیں ’دفاعی سامان فراہم کرنے میں تیزی‘ لائے گا۔

امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کے مطابق جب صحافیوں نے مارک ایسپر سے سوال کیا کہ کیا ایران پر فضائی حملے اب بھی زیرِ غور ہیں تو وزیر دفاع نے جواب دیا کہ ’ہم ابھی اس حد تک نہیں پہنچے۔‘

اظہر تھراج

Senior Content Writer