شہراقتداراور شہر قائد میں پانی نایاب، شہری پریشان


اسلام آباد(24نیوز) گرمیاں آتے ہی شہراقتدارکے باسیوں کوپانی کی کمی کاسامناکرناپڑتاہے۔اسلام آباد کے علاقہ بہارہ کہوکے مکینوں کودوردرازکے علاقوں سے پانی لاناپڑرہاہے۔
گرمی آتے ہی اسلام آبادمیں پانی کی قلت ہوجاتی ہے۔اسی لیےتوبہارہ کہو میں پانی کی کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔صاف پانی تو یہاں شہریوں کے لئے خواب بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد کے باسی پانی کی بوند کو ترس گئے

شہری اپنی مددآپ کے تحت پانی کی ضرورت کوپوراکرنے کی خاطر،، دور دراز سے ٹینکرز ،گاڑیوں اور بوتلیں اٹھائے پانی کی ضرورت کوجیسے تیسے پوراکررہے ہیں۔ علاقے میں صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے طرح طرح کی بیماریاں پیداہورہی ہیں۔رمضان کی آمدآمدہے ایسے میں پانی کے بغیر معمولات زندگی ایک ڈراؤنا خواب نظرآرہاہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی بجلی نہ ہونے سے پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی۔ملیر ، شاہ فیصل کالونی ، سعودآباد ،اورنگی کورنگی لانڈھی ، گذری اوردیگرمضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے ہوگیا، شہری واٹرٹینکرزسے پانی خریدنے پرمجبورہیں۔شہری کہتے ہیں بجلی آتی ہے تو پانی نہیں پانی آتا ہے تو بجلی نہیں۔

ضرور پڑھیں: بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان آج احتجاج کرے گی

پانی کی قلت کے سبب شہرقائد کولاحق خطرات کےحوالےسے رکن سندھ اسمبلی کامران اخترنے بھی وفاق کوخط لکھ دیا ،خط میں بلدیہ کو پانی فراہمی کی لائنوں سے صنعتی ایریا اور ٹینکرمافیا کوپانی چوری کا بھی انکشاف کیاگیاہے۔