ن لیگ احکامات پر چلتی تھی اور چلتی ہے: بلاول بھٹو


ملتان(24نیوز) بلاول بھٹو نے کہا جج خود نہیں بولتے ان کے فیصلے بولتے ہیں۔ ساری زندگی حکم پر چلنے والوں کو اب ووٹ کے تقدس کا خیال آرہاہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جج خود نہیں بولتے، ان کے فیصلے بولتے ہیں، کس کو کیوں نکالا؟ یہ عوام کا مسئلہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا چیف جسٹس سے امید ہے کہ وہ قانون کے تحت انصاف دلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف پوری زندگی خود آرڈر پر چلتے رہے اور اب انہیں ووٹ کے تقدس کا خیال آرہا ہے۔  نواز شریف پارلیمنٹ کی عزت نہیں کریں گے تو ووٹ کی عزت نہیں ہو گی ۔جب ضیاءالحق سے احکامات لے رہے تھے، بے نظیر بھٹو کے خلاف سازشیں کر رہے تھے تو انہیں اس وقت ووٹ کی عزت کا خیال نہیں آیا۔انھوں نے کہا  عوام جمہوریت کے حق میں ہیں ، آمریت تسلیم نہیں کریں گے ، پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہی ہے۔

پڑھنا مت بھولیں: باکسر عامر خان کی دبنگ انٹری، پہلے 40 سیکنڈ میں ہی حریف کو چت دیا

کراچی میں بجلی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ بجلی وفاق کی ذمہ داری ہے اور وفاق کا نمائندہ کہتا ہے بل نہیں دیتے تو بجلی نہیں دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف مینار پاکستان پر بیٹھ کر ڈرامے کرتے تھے ۔ لوڈ شیڈنگ پر اب انہیں شرم نہیں آتی۔