عالمی مارکیٹ میں تیل مزید سستا

عالمی مارکیٹ میں تیل مزید سستا


24نیوز: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی،  اگلے سال ڈیمانڈ کم ہونے کے خدشات اور سپلائی میں اضافے کے باعث خام تیل کی قیمت تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران خام تیل کی قیمت میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،  جنوری 2016 کے بعد کسی ایک ہفتے کے دوران تیل کی قیمت میں اتنی زیادہ کمی دیکھی گئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت ہفتے کے دوران تقریبا 6 ڈالر کی کمی سے 45 ڈالر 42 سینٹ اور عالمی بینچ مارک برنٹ خام تیل کی قیمت سوا پانچ ڈالر کی کمی سے 53 ڈالر 82 سینٹ رہ گئی۔

قیمتوں میں استحکام کے لیے او پیک اور روس کی طرف سے تیل کی پیداوار میں 12 لاکھ بیرل یومیہ کی کمی کرنے کا اعلان بھی مارکیٹ میں تیزی نہ لا سکا۔ دوسری طرف امریکا کی خام تیل کی پیداوار ایک کروڑ 16 لاکھ بیرل یومیہ سے تجاوز کر گئی جو سعودی عرب اور روس سے بھی زیادہ ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اڑھائی ماہ کے دوران خام تیل کی قیمت 35 فیصد سے زیادہ کم ہو چکی ہے۔

وقار نیازی(Waqar Niazi)

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔