لاش پر سیاست حکمران ہی کرسکتے ہیں: مریم اورنگزیب

لاش پر سیاست حکمران ہی کرسکتے ہیں: مریم اورنگزیب


اسلام آباد ( 24نیوز )  پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاش پر سیاست حکمران ہی کرسکتے ہیں۔ اپنی جان سے چلے جانے والے شخص کے بارے میں اس طرح کا بیان بیمار ذہنیت اور بے حسی کی انتہا ہے۔

فواد چودھری کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب دو پیشیوں پر اپنے وکیل پر برس پڑے تھے۔ 165بارپیش ہونا پڑتا تو خودکش حملہ کردیتے۔ مجرمانہ رویہ سامنے آنے پر نیب نے شہبازشریف کی طبی معائنہ کی درخواست کو پر لگا دئیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 22نومبر سے اب تک متعدد درخواستیں کی گئیں، لیکن نیب حکام کے کان پر جوں نہ رینگی۔ اب میڈیا میں پروفیسر محمد جاوید کے جاں بحق ہونے پر ہونے والی عوامی تنقید سے بچنے کے لیے پھرتی دکھائی جارہی ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ نیب کو کسی فرد کے سماجی مرتبہ، عزت، بیماری اور جان سے کوئی دلچسپی نہیں۔ قانون کی باتیں کرنے والوں کا قانون کے برعکس رویہ جنگل کے قانون کی غمازی ہے۔ شہبازشریف کی صحت سے متعلق 9 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر برتی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دینے میں دانستہ لیت لعل برتا گیا۔ یہ رویہ ایک کینسر سے شفایاب ہونے والے مریض کے بارے میں برتا جارہا ہے۔ ن لیگ کی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ کینسر کی علامات کی نشاندہی کے باوجود ایک مریض کو علاج اور میڈیکل رپورٹس سے دور رکھنے کا مطلب اس کی جان لینے کے سوا اور کیا سمجھا جائے؟ پروفیسر جاوید کی ہتھکڑی لگی لاش کا تازہ ترین سانحہ اس خدشے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شازیہ بشیر

Content Writer