اسلام آباد،حب میں ٹریفک حادثات، پانچ افراد جاں بحق،چیچہ وطنی میں3قتل

اسلام آباد،حب میں ٹریفک حادثات، پانچ افراد جاں بحق،چیچہ وطنی میں3قتل


اسلام آباد(24نیوز) اسلام آباد اور حب میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، چیچہ وطنی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 3 افراد کا قتل کر دیا، اٹک میں دو بچے گھر کے گٹر میں گرنے سے جاں بحق ہوگئے-
اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب گاڑی تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری، حادثے میں گاڑی میں سوار چار افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیم نے لاشیں اسپتال منتقل کر دیں

اٹک کے ایک گھر میں کھلا گٹر دو بچوں کو زندہ نگل گیا، گھر والے محلے میں تلاش کرتے رہے، بچے گٹر میں دم گھٹنے سے موت کے منہ میں چلے گئے، پولیس کے مطابق مرنے والوں میں چھ سال کا حمزہ اور آٹھ سال کا صائم علی شامل ہیں۔
حب میں انڈس ہائی وے پر گڈانی موڑ کے قریب مسافر کوچ کار سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق، دو زخمی ہوگئے، پولیس اور ریسکیوں ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چیچہ وطنی کے نواحی چک 113/12 میں مرغی خانہ کے 3 ملازمین کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیں، پولیس حکام کے مطابق تفتیش کر رہے ہیں، جلد قاتلوں کا سراغ مل جائے گا۔