سینیٹ انتخابات، امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹ جاری

سینیٹ انتخابات، امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹ جاری


اسلام آباد(24نیوز) مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے۔ پارٹی ٹکٹ چیئرمین مسلم لیگ ن راجا ظفر الحق کی جانب سے جاری کیے گئے۔ پارٹی ٹکٹوں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع بھی کرا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بطور پارٹی صدر نا اہلی اور ان کے کئے گئے فیصلوں کو کالعدم قراردینے کے فیصلے کے بعد سینیٹ انتخابات میں ن لیگ کے امیدواروں کی قانونی حیثیت جانچنے کے لیے الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔

جس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس چل ہی رہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجا ظفر الحق امیدواروں کے نئے ٹکٹ لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔ ٹکٹ جمع کرانے کے بعد راجا ظفر الحق نے میڈیا سے گفتگو میں تفصیل بتائی۔

راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے مراسلے کے مطابق نئے عبوری صدر کے لیے پارٹی مشاورت جاری ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے ن لیگ کی جانب سے امیدواروں کے نئے ٹکٹوں پر الیکشن کمیشن نے حتمی فیصلہ کرنا ہے۔