مسلم لیگ ن سینیٹ سے آؤٹ،پارٹی امیدوار آزاد قرار

مسلم لیگ ن سینیٹ سے آؤٹ،پارٹی امیدوار آزاد قرار


اسلام آباد(24نیوز)الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے سینیٹ ٹکٹ مسترد کرتے ہوئے آزاد قرار دے دیا ہے،یہ امیدوار اب آزاد حیثیت میں حصہ لے سکتے ہیں۔
یاد رہے مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کیے تھے جوچیئرمین مسلم لیگ ن راجہ ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری ہوئے تھے۔
یاد رہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی جانب سے بطور پارٹی صدر کیے جانے والے تمام فیصلے کالعدم قرار پائے جس کے باعث سینیٹ امیدواروں کے ٹکٹس بھی بے وقعت ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کو ٹکٹس جاری کرنے کا اختیار ہے اس کے علاوہ صدر یا سنٹرل ورکنگ کمیٹی کسی کو اختیار دے تو وہ شخص ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے عارضی صدر کیلئے مشاورت جاری ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، انوشہ رحمان اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور امیدواروں کو جاری کیے گئے نئے ٹکٹس جمع کرائے۔