احد چیمہ کی گرفتاری، پی ایم ایس افسران کی ڈی ایم جی کیخلاف بغاوت


لاہور (24 نیوز) احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی میں کھلبلی مچ گئی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی ایم جی افسران نے احد چیمہ کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا۔ بارہ سو پی ایم ایس افسران نے ڈی ایم جی گروپ کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈی ایم جی افسران نے غیراعلانیہ ہڑتال کیے رکھی، جس سے سول سیکرٹریٹ اور دفاتر میں کام نہ ہوسکا، ڈی ایم جی افسران پورا دن دربار ہال اور مختلف دفاتر میں احد خان چیمہ کے حوالے سے اجلاس کرتے رہے، کئی دوسرے اضلاع سے بھی ڈی ایم جی افسران اظہار یکجہتی کے لیے لاہور آئے۔

سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں تمام محکموں کے سیکرٹریز اور ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ احد خان چیمہ کو باعزت بری کیا جائے۔ اجلاس میں احد چیمہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد بھی پاس کی گئی۔ احد چیمہ کی گرفتاری کے معاملے پر لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی زیر صدارت کمیٹی قائم کردی گئی۔

دوسری طرف پی ایم ایس افسران نے پنجاب میں ڈی ایم جی افسران کے خلاف اعلان بغاوت کر دیا۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے چیف سیکرٹری کو کھلا خط لکھ دیا، پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے صدر نے احد خان چیمہ کے معاملے پر ڈی ایم جی افسران سے اعلان لا تعلقی کر دیا۔