چیئرمین نیب کا پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مبینہ بدعنوانی کا نوٹس


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین نیب کا پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مبینہ بدعنوانی کا نوٹس، چیئرمین نیب نے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ نیب نے کرپشن کے الزامات پر رکن بلوچستان اسمبلی انیتہ عرفان کیخلاف بھی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں کرپشن کے الزامات پر وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر گنجیرا کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس اختر گخیرا کیخلاف مختلف منصوبوں میں گزشتہ چار سالوں میں بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئیں۔ کرپشن کی شکایات کھیلوں کی فیڈریشن اور مالی گرانٹ سے متعلق ہیں۔ دونوں پر اپنے خاندان کے افراد کو غیر ملکی دورے کروانے کا بھی الزام ہے۔

نیب نے رکن بلوچستان اسمبلی انیتہ عرفان کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انیتہ عرفان کے خلاف کرپشن کی شکایات پر جانچ پڑتال کی جائیں گی۔ انیتہ پر کرسچن ویلفیئر ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹ غیر مستحق افراد کو دینے کا الزام ہے۔