احد چیمہ گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات، ہڑتال کی دھمکی


لاہور (24 نیوز) سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی میں کھلبلی مچ گئی۔ ڈی ایم جی احد چیمہ گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرکے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ فواد حسن فواد کو بھی جان کے لالے پڑگئے۔

احد چیمہ کی گرفتاری سے پنجاب کی بیوروکریسی کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں، مزید گرفتاریوں کی لٹکتی تلوار نے بیوروکریٹس کی راتوں کی نیند اڑا دی ہے، اسی پریشانی میں ڈی ایم جی احد چیمہ گروپ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں رانا ثنا اللہ، رانا مشہود اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، گھبرائے ہوئے ڈی ایم جی احد چیمہ گروپ نے ہڑتال کرنے کی گیدڑ بھبھکی دے دی۔

دوسری جانب پی سی ایس اور پی ایس پی گروپ نے احد چیمہ گروپ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کی صورت میں خدمات کی پیشکش کی ہے۔

احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد میں بیٹھے طاقتور بیوروکریٹ فواد حسن فواد کو بھی جان کے لالے پڑگئے۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد اپنے حامی افسروں کو فون کرتے رہے اور ان سے مشکل وقت میں ساتھ دینے کے وعدے لیتے رہے۔

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر ترجمان نیب کی وضاحت سامنے آگئی۔ ترجمان نیب کے مطابق احد چیمہ کی گرفتاری قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے۔ کسی سے امتیازی سلوک نیب کی پالیسی نہیں۔