پہلا ٹی ٹوئنٹی:نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی


ویلنگٹن (24نیوز) ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی کیویز نے پاکستان کو شکست دے دی ، نیوزی لینڈ نے پہلا ٹی ٹوئنٹی سات وکٹوں سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ،کولن منرو مردمیدان قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کی ناکامیوں کا سفر جاری وساری ہے ،ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کے بعدپہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویلنگٹن میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی بلے بازوں کے بعد باولرز بھی باولنگ کرنا بھول گئے ، کیویز بلے بازوں نے پاکستان کی طرف سے دیا گیا 106 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

منرونے 43 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 49،ٹام بروس نے 26 اور روز ٹیلر نے 22 رنز بناکر اپنی ٹیم کو آسان کامیابی دلادی، رومان رئیس نے کیویز  کی اننگ کے آغاز میں اپنی ٹیم کو دو کامیابیاں دلائیں تاہم اس کے بعد پاکستانی ٹریک سے اتر گئی ، ذمہ دارانہ بیٹنگ پر کولن منرو کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ،دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 25 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔