ملتان سلطانز کا جنون نوجوانوں کے سر چڑھ کر بولنے لگا


ملتان (24نیوز) کرکٹ شائقین پر چھایا ہے پاکستان سپر لیگ کا جوش، ملتان سلطانز کی ایونٹ میں شمولیت کے بعد جنوبی پنجاب کے نوجوان کا جنون اور بھی بڑھ گیا ہے، ملتان سلطانز کیلئے گیت بھی تیار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا آغاز 22 فروری سے ہوگا لیکن شائقین کرکٹ کا جوش اور جذبہ ابھی سے اپنی انتہا پر ہے۔ کرکٹ کے دیوانوں کو بڑی بیتابی سے ایونٹ کے شروع ہونے کا انتظارہے۔ ایونٹ میں جنوبی پنجاب کی ٹیم ملتان سلطانز کی شمولیت نے تو ہر طرف دھوم ہی مچا دی ہے۔

دوسری جانب ملتان کے نوجوان گلوکار رومان ملک نے اپنی ٹیم کیلئے خوبصورت گیت ترتیب دےد یا، جو ریلیز ہوتے ہی ہٹ ہوگیا۔ گلوکار کا کہنا ہے کہ   ملتان سلطانز ایونٹ کی بڑی ٹیم ثابت ہوگی، ساتھ ہی گیت بھی گن گنا دیا۔ رومان ملک نے بتایا کہ وہ خود بھی کرکٹ کے بہت شوقین ہیں۔ پی ایس ایل جنوبی پنجاب کی ٹیم کی شمولیت پر ان سمیت سبھی بہت خوش اور پر جوش ہیں۔ یہ وجہ تھی جس سے انہیں یہ گیت بنانے کا آئیڈیا ذہن میں آیا۔

 واضح رہے کہ پاکستان میں کرکٹ دیگر اسپورٹس کے نسبت بے حد مقبول ہے۔ نوجوان تو خاص طور پر کرکٹ کے شیدائی ہیں۔ چھٹی کا دن ہو تو نوجوان بیٹ اور گیند پکڑ کر جہاں جگہ ملے میدان لگا لیتے ہیں۔