الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئےسیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد (24نیوز)  الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرنگ آفیسرز کی تعیناتی کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آ ر اوز اور آر اوز کی تعیناتی پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت فروری کے آخر یا مارچ کے آغاز میں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے لئے مجوزہ ناموں کی فہرست تیار کرلی ہے،  اہم انتخابی عملہ کی پوسٹوں پر تعیناتی کیلئے مشاورت سیاسی جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے کی جائیگی۔

الیکشن کمیشن قانون کے مطابق عام انتخابات کیلئے عدلیہ ،صوبائی یا وفاقی خود مختار سرکاری اداروں اور اپنے افسران میں سے آفیسر لگانے کا پابند ہے،  الیکشن کمیشن عام انتخابات دوہزار اٹھارہ میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی ہر نشست کیلئے الگ الگ ریٹرننگ آفیسر لگانے کا فیصلہ پہلے ہی کرچکا ہے,  قومی اسمبلی کی دو سو بہتر اور صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو ستتر نشستوں کے لئے الگ الگ ریٹرنگ افسران ہونگے۔