انفلوئنزانے ایک اور جان نگل لی،وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد30 ہوگئی

انفلوئنزانے ایک اور جان نگل لی،وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد30 ہوگئی


ملتان (24نیوز) جنوبی پنجاب میں موسمی انفلوائنزبدستورموت بانٹ رہا ہے، نشتراسپتال ملتان میں ایک اورمریض چل بسا،اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ خورشید بی بی بھی سیزنل انفلوئنزا کا شکار ہوگئیں۔ نشتر ہسپتال ملتان میں ایچ ون این ون وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 30 ہوگئی۔ اس وقت 14 مریض ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 4 افراد کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ 5 ہفتے کے دوران اب تک 227 افراد انفلوئنزا کے شبے میں ہسپتال لائے گئے۔ جن میں سے 130 افراد کا تعلق ملتان سے ہے۔ ایچ ون این ون وائرس سے متاثرہ شہروں میں دوسرانمبر مظفر گڑھ جبکہ تیسرا خانیوال کا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اب تک ملتان سے تعلق رکھنے والے 20 افراد، مظفر گڑھ کے3 ، خانیوال اور لیہ کے2 جبکہ راجن پور، وہاڑی اور جھنگ کا1فرد انفلوئنزا کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکا ہے ۔