میرے اور شہباز شریف کے نام پر ووٹ نہیں ملتا: شاہد خاقان عباسی


لاہور (24 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کا یا شہباز شریف کا فوٹو لگانے سے ووٹ نہیں ملتا، آئندہ انتخابات میں نواز شریف کا فوٹو لگا کر الیکشن لڑیں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق دور میں وزیراعظم کے دفتر میں نقد رشوت لی جاتی رہی۔ آئندہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ماضی کی طرح نہیں ہوگا، جس شخص کو جج تعنیات کیا جائے اس سے متعلق تمام معلومات عام ہونی چاہیے۔

پارلیمنٹری رپورٹرز ایسو سی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سابق نگران وزیرعظم جو ریٹائرڈ جج بھی ہیں ان کے دور میں وزیراعظم کے دفتر میں نقد رشوت لی جاتی رہی۔ گیس اور کلاشنکوف کے لائسنس بیچے گئے۔ اب ایسا نگران وزیراعظم ہوگا جس سے کسی کو اختلاف نہیں ہوگا۔

وزیر اعظم نے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جو بھی جج بننے کا خواہشمند ہے، اس کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آنا چاہئے۔

قصور کی معصوم زینب سے زیادتی اور اس کے قتل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ زینب کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہورہی ہے، ملزم جلد کیفرکردا کو پہنچا دیا جائے گا۔