لسبیلہ:جھلس کر جاں بحق ہونیوالے 27 میں سے 6 افرادکی شناخت ہوگئی

لسبیلہ:جھلس کر جاں بحق ہونیوالے 27 میں سے 6 افرادکی شناخت ہوگئی


لسبیلہ (24نیوز)  بس میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے 27 مسافروں میں سے 6 کی شناخت کرلی گئی، دوسری جانب حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔

 تفتیشی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بس کی چھت پر ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا، آئل ٹینکر سے تصادم کے بعد ڈیزل میں آگ لگ گئی، جس کےنتیجہ میں 27افرادجھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو کراچی منتقل کیا گیا جن میں خواتین اور بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے، جب کہ حادثے کے 4 زخمیوں کو سول ہسپتال کراچی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،جاں بحق تمام افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کردی گئیں ہیں، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا  تھاکہ حادثے کے وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے،خوفناک حادثے کا شکار ہونے والی بس کے 6 مسافروں کی شناخت کرلی گئی ،  جن میں نور گل زوجہ عبدالغفار، 6سالہ شازمہ، زور زیب بنت محمد سعید، سمیرا بنت محمد سعید، 4 سالہ واحد بخش اور صائمہ زوجہ شاہ نواز شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر آپس میں ٹکرا گئے تھےنتیجہ میں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس سے 27 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئےتھے۔