ٹریفک پولیس اہلکار کے قاتل گرفتار

ٹریفک پولیس اہلکار کے قاتل گرفتار


کراچی (24نیوز) کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل کے الزام میں خاتون سمیت چار افراد کو زیر حراست لے لیا گیا۔

کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں خاتون سمیت 4 افرادکو حراست میں لے لیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق حراست میں لی گئی خاتون اور مرد مقتول اہلکار کے قریبی رشتہ دار ہیں، حراست میں لئے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعہ کا مقدمہ تھانہ سولجربازار میں اے ایس آئی محمد خان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے ۔

دوسری جانب جائے وقوعہ سے ملنے والے تیس بور کے 2 خول کا فرانزک رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے، رپورٹ 24 نیوز نے حاصل کرلی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ ماضی کی ایک واردات سے میچ کر گیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق اسلحہ 7 جولائی 2018 کو کورنگی میں ڈکیتی کی واردات میں استعمال ہوا، واردات کورنگی ڈیڑھ نمبر پر قائم ہارڈ ویئر شاپ میں کی گئی تھی، جس کے دوران ملزموں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو بھائیوں سمیت تین افراد کو زخمی کیا تھا۔