’’ عوام پریشان نہ ہوں عمران خان اور میانداد وکٹ پرکھڑے ہیں‘‘



وزیراعظم عمران خان کاکہناہےجب ملک سنبھالا تو 20 رنز پر4 آؤٹ ہوچکے تھے لیکن مجھے دباؤ میں کھیلنا آتا ہے، میانداد اورعمران خان وکٹ پرکھڑے ہیں، عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

دوحہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  پاکستانی فکر نہ کریں جلد دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت ہوگی، آج کا جلسہ منعقد کرانے پر قطر کے شیخ تمیم کا شکرگزار ہوں، پاکستان میں سکھوں کا مکہ مدینہ واقع ہے، پاکستان میں ہندوؤں اور بدھوں کے مذہبی مقامات ہیں، ثابت کروں گا کہ سیاحت سے اتنا پیسہ جمع کریں گے کہ قرض نہیں لینا پڑے گا۔

پاکستان میں سیاحت کے بہت زیادہ مواقع ہیں،ہم نے 36 ٹیکس سے کم کرکے 16 ٹیکس کر دیئے ہیں،  مستقبل میں ٹیکسوں میں مزید کمی کریں گے،  پہلی حکومت ہے جس میں ابھی تک ایک بھی کرپشن اسکینڈل نہیں بنا، قطر کے حکمرانوں نے دیانتداری سے عوام پر پیسہ خرچ کیا ہے، وسائل سے نہیں، دیانتداری سے حکومت چلانے سے ملک امیر ہوتا ہے۔

حکومت عوام کی خدمت نہیں کرتی تو امیر سے امیر ملک تباہ ہو جاتا ہے، پاکستان پر اللہ کا کرم ہے ورنہ اسے جتنا لوٹا گیا، دیوالیہ نکل چکا ہوتا، جب بیٹنگ کیلئے آیا ہوں تو 20 رن پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہوئے تھے، آپ جانتے ہیں کہ مجھے پریشر میں کھیلنا آتا ہے، آہستہ آہستہ ہماری بیٹنگ مضبوط ہوگئی ہے، عمران خان اور جاویدمیانداد وکٹ پر کھڑے ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت آنے والا ہے جب نوکریاں ڈھونڈے ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا، پاکستان کا پیسہ باہر بھیجنے سے ڈالر مہنگا اور روپیہ سستا ہوجاتا ہے، پاکستانیوں کے بھیجے پیسے سے آج ہمارا ملک چل رہا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اصل میں پاکستان کے ہیرو ہیں،  پاکستان سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجنے والے ولن ہیں۔

خوشی ہے الیکشن کے بعد دوحا میں پہلا جلسہ کررہا ہوں، بچے بڑے ہونے پر یہ پاکستانی واپس نہیں جانا چاہتے تھے، دوحا، میں ان پاکستانیوں کی بہت قدر کرتا تھا، برطانیہ میں پاکستانی پیسہ کمانے کیلئے تعصب کو برداشت کرتے تھے،برطانیہ میں پاکستانیوں کیخلاف بہت تعصب دیکھا، 18سال کی عمر میں برطانیہ گیا، پڑھا بھی کرکٹ بھی کھیلی۔ 

یادرہے وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر قطر  روانہ ہوئے تھے، وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی تھی۔