عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بھارت کے زیرنگیں لانا چاہتی ہے: عمران خان


کراچی ( 24نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ یہاں خلائی مخلوق کی باتیں ہورہی ہیں لیکن یہاں غیر ملکی مخلوق بھی ہے۔ ملکی سیاست میں خلائی مخلوق کے بعد غیر ملکی مخلوق کا تذکرہ ہونے لگا ہے۔

کراچی میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں خلائی مخلوقوں کی باتیں ہورہی ہیں لیکن یہاں غیر ملکی مخلوق بھی موجود ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ 2خودکش بمبار تیار کئے گئے ہیں جو بنوں اور کرک میں حملے کریں گے۔ ملک کے موجودہ حالات کی ذمہ دار غیر ملکی مخلوق ہے۔

شہر قائد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ فوج پاکستان میں دھاندلی کروارہی ہے۔ بھارتی میڈیا کو فکر ہو رہی ہےکہ پاکستان میں الیکشن شفاف نہیں ہو رہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو فکر نواز شریف کی ہے کیونکہ اس نے بھارت کا ساتھ دیا۔ نواز شریف نے ہمیشہ بھارتی مفادات کو تحفظ دیا۔ نواز شریف نے بار بار قومی اداربں کو نشانہ بنایا۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بھارت کے زیرنگیں لانا چاہتی ہے۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بھوٹان اور بنگلا دیش کی طرح دیکھنا چاہتی ہے۔