شاہد خاقان عباسی بھی عمران خان کے نقش قدم پر چل نکلے

شاہد خاقان عباسی بھی عمران خان کے نقش قدم پر چل نکلے


اسلام آباد( 24نیوز )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی،سابق وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس پر ریٹرننگ افسر نے اعتراض لگاتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل طاہر محمود عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کو ایپلٹ ٹریبونل میں چیلنج کردیا،درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرانے والے حلف نامے کی شق 'این' کے تحت شاہد خاقان عباسی کے نامزدگی فارم مسترد کیے جب کہ شق 'این' کہتی ہے کہ امیدواروں کو اپنے حلقے میں مفاد عامہ کے کاموں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   عام انتخابات: امیدواروں کی بڑی تعداد کو مختلف مقدمات کا سامنا

ملک بھر میں ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل 21 ٹریبونل بنائے گئے ہیں جہاں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی اور ٹربیونلز 27 جون تک اپیلوں سے متعلق فیصلے کریں گے،اسلام آباد کے لئے ایک، خیبر پختوانخوا میں 6، پنجاب میں 8، سندھ میں 4 اور بلوچستان میں 2 ٹریبونل قائم کیے گئے ہیں۔