کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین کو بڑا حادثہ

کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین کو بڑا حادثہ


لاہور (24 نیوز) کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن ٹرین گڑھی شاہو کے قریب مین لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں مسافر محفوظ رہے۔ تصادم کے باعث گرین لائن کا انجن اور مال گاڑی کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

  24 نیوز ذرائع کے مطابق حادثہ لاہور کے علاقہ گڑھی شاہو کے قریب مین لائن پر  پیش آیا۔ گرین لائن ٹرین ڈرائیور محمد الیاس کا کہنا ہے کہ اسے سگنل کلیئر ملا مگر مین لائن پر کھڑی مال گاڑی کو دیکھا تو ایمرجنسی بریک لگائی اور ٹرین بڑے حادثہ سے بچ گئی، اس میں اسکی کوئی غلطی نہیں۔

حادثہ کے فوری بعد ریلیف ٹرین اور ریلوے عملے نے ڈی ایس ریلوے سفیان سرفراز ڈوگر کی نگرانی میں تین گھنٹے کے بعد ٹریک کو کلیئر کر دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس کا کہنا تھا کہ حادثے کے فوری بعد گرین لائن ٹرین کو روانہ کر دیا گیا ہے، انکوائری میں معلوم ہو گا کہ حادثہ کس کی غلطی سے ہوا۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ،جبکہ ریلوے انتظامیہ کا کہنا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔