"ایک افطاری سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ گئیں"



بہاولپور(24 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نےحکومت پر تنقیدی وار کئے ہیں۔کہتی ہیں ایک افطاری سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ گئیں،یہ حکومت کسی سانحے سےکم نہیں، دس ماہ ہوگئے عوام ایک اچھی خبرنہیں سن سکے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان سے ان کی اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر تعزیت کیلئےبہاولپور پہنچیں ۔ بہاولپور میں میڈیاسےگفتگو  کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھیک نہیں مانگی خزانے کی چابیاں ہی آئی ایم ایف کودے دیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں یہ لوگ اقتدار میں مزید کچھ مہینے رہیں، میں عمران خان کو وزیراعظم نہیں مانتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جوغلط کام کرکے آگے آتا ہے وہ ڈرتا ہے، ایک افطاری سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ گئیں، میاں صاحب نے آج تک نہیں کہا میرے لئے آواز اٹھاؤ، نالائقوں کی حکومت آنا بھی سانحے سے کم نہیں، دس مہینے ہوگئے پاکستان سے متعلق ایک اچھی خبر نہیں سنی، ایک سانحہ22کروڑ عوام کے ساتھ ہوا،فرشتہ پورے پاکستان کی بیٹی تھی اس کی تصویریں دیکھ کر دل کانپ اٹھا۔ قمرزمان کائرہ سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کرتی ہوں۔