چین کا سی پیک سے متعلق ٹیکس تنازعات حل کرنے کا مطالبہ

چین کا سی پیک سے متعلق ٹیکس تنازعات حل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (24نیوز) چین نے سی پیک منصوبوں کے لیے ٹیکس مراعات طلب کرلیں چین نے سی پیک منصوبوں کے ٹیکس تنازعات کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کردیا،چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کے کیسز کو فوری حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ساتویں مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس میں ٹیکس تنازعات کا حل نہ نکالا جا سکا۔ چینی کمپنیوں نے سی پیک منصوبوں پر ٹیکس لگائے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

چینی حکام کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو سی پیک منصوبوں کے لیے ٹیکس تنازعات میں الجھایا جارہا ہے،جس کی وجہ سے چینی سرمایہ کاروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ایف بی آر نے متعدد چینی کمپنیوں کو ٹیکس مراعات دینے سے انکار کررکھا ہے،چینی حکام نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو ٹیکس مراعات دی جائیں اور ان کے کیسز کو حل کیا جائے۔

پاکستان اور چین کی ٹیکس اتھارٹیز کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے،مذاکرات میں چین کے ٹیکس اتھارٹیز اور پاکستان سے ایف بی آر کے حکام شرکت کریں گے۔

چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیوں کے متعدد کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ چینی کمپنیوں کے تمام کیسز کا جائزہ لیا جائے گا،چینی کمپنیوں کے کیسز فوری حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔