تحریک لبیک کا دھرنا 17 ویں روز میں داخل، ڈیڈلاک برقرار، شہری پریشان

تحریک لبیک کا دھرنا 17 ویں روز میں داخل، ڈیڈلاک برقرار، شہری پریشان


راولپنڈی (24 نیوز): اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد انٹرچینج پر تحریک لبیک کا دھرنا 17 ویں روز بھی جاری ہے دھرنے سے شہر میں جگہ جگہ ٹریفک جام، راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں، ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق فیض آباد انٹرچینج پر تحریک لیبک کے دھرنے کو آج 17 واں روز ہےلیکن حکومت دھرنا ختم کروانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے، حکومت اور دھرنا قیادت کے مابین مذاکرات کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں ہیں۔ دھرنے کے شرکا وزیر قانون کے استعفے کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ بنا ثبوت کے وزیر سے استعفٰی نہیں لے سکتے۔

 

تحریک لیبک کے دھرنے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھنٹوں ٹریفک جام سے شہریوں کے ایندھن کا خرچ بھی بڑھ گیا، مشکلات کی شکار عوام حکومت سے مسائل کے حل کی دہائیاں دینے لگی۔شہریوں کا وقت پر اسکول، کالجز اور تک پہنچنا ناممکن ہوگیا، شہری کہتے ہیں دھرنے والوں کو تو اور کوئی کام نہیں، حالات کا سامنا تو عام آدمی کو ہی کرنا پڑتا ہے۔

تنگ آکر جڑواں شہروں کی عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ جلد از جلد دھرنے والوں سے مذاکرات کیے جائیں تاکہ دو ہفتوں سے پریشان شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔