گاڑیوں کی فروخت تیز، پٹرول کی کھپت بھی بڑھ گئی

کراچی (24نیوز) ملک میں گاڑیوں کی فروخت بڑھنے سے پٹرول کی کھپت بھی بڑھ گئی،پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں 52 فیصد اضافہ ہوگیا۔اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ رہی۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق 4 ماہ کے دوران 61 لاکھ 28 ہزار میٹرک ٹن پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں، جو گزشتہ سال سے 52 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ 36 لاکھ 2 ہزار میٹرک ٹن خام تیل درآمد کیا گیا، جو پہلے سے 35 فیصد زیادہ ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر 4 ارب 43 کروڑ 17 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے، جو اس عرصے کے مجموعی درآمدی بل کا 24 فیصد ہے، اکتوبر میں پیٹرول کے استعمال میں ریکارڈ اضافے کے اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد گزشتہ سال کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ رہی، ایک ماہ میں 5 لاکھ 95 ہزار ٹن پیٹرول فروخت ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 4 ماہ کے دوران ملک میں مقامی تیار شدہ گاڑیوں کی فروخت میں 32 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا، 83 ہزار 809 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔