نیب لاہور کے زیراہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی کے عنوان سے ڈرامےکا اہتمام


لاہور(24نیوز): نیب لاہور کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی کے عنوان سے ڈرامےکا اہتمام کیا گیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباء نے میدان مار لیا۔لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی اوریو سی پی کے طلبہ نے اپنے اپنے ڈرامے پیش کیے۔ 

الحمراہ مال روڈ پرکرپشن کے خلاف نیب لاہور ڈویژن کی آگاہی مہم کےتحت ڈرامہ کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔مقابلوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ، یوسی ایل، یو ای ٹی، لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی اوریو سی پی کے طلبہ نے اپنے اپنے ڈرامے پیش کیے۔ ڈراموں کے ذریعے معاشرے میں کرپشن کے جراثیم پر نیب کی کارروائیوں کو اجاگر کیا گیا۔

اس دوران معروف ٹی وی اداکار راشد محمود اور عابد رضوی نے بطور جج فرائض سر انجام دیئے۔اس موقعے پر راشد محمود کا کہنا تھا کہ طلبہ کی جانب سے شاندار پرفارمنس اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان نسل کرپشن کے خلاف کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

مقابلہ جیتنے والے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے ان مقابلوں کے انعقاد سے انہیں کرپشن اور اسکے خلاف اقدامات کو سمجھنے میں مدد ملی۔مقابلوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر عبید اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ساجد، میجر غلام رسول، حسین سکھیرا، نرمل اور وحید چوہدری سمیت دیگر نیب افسران نے شرکت کی۔