کرپٹ سیاستدانوں کو باکسرعامرخان کے حوالے کروں گا: عمران خان


لندن(24نیوز) عمران خان نے لندن میں تقریب کے دوران خطاب میں کہا کہ وہ عامر خان کودعوت دیں گے اورپاکستان کے کرپٹ سیاستدانوں کو عامرخان کے ساتھ رنگ میں اتاریں گے۔

لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ایسی حکمرانی کا فائدہ کیا جس میں اپنے ہی اداروں پر اعتماد نہ ہو، زکام بھی ہو تو طیارہ پکڑ کر باہر بھاگے چلے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان انسانوں کے مسائل سن رہے ہیں، وہ بالکل ٹھیک سمت میں کام کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی خیبرپختونخوا آمد سے ہمیں خوشی ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں افسران کی تقرریاں اہلیت اور قابلیت پر کی گئیں جس کی وجہ سے چیف جسٹس نے بھی صوبائی انتظامیہ کو سراہا۔

عمران خان نے کہا اداروں کی ترقی کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سےخدمات کاموقع لیں گے۔

دوسری جانب باکسر عامر خان نے کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامرخان بھی پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں عمران خان کی دعوت پر عامر خان نے بھی حامی بھرلی.

عامرخان کا ٹویٹ پیغام میں کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں تمام کرپٹ سیاستدانوں کو ناک آؤٹ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آصف علی زرداری اورنواز شریف سےہم اتحاد نہیں کریں گے۔ ہم صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں ، جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی آپس میں مک مکا کرلیتی ہے۔  انھوں نے کہا نگراں حکومت کا مقصد صاف شفاف الیکشن کرانا ہوتا ہے   لیکن نگراں حکومت میں الیکشن کمیشن کسے منتخب کیا جائے گا ؟ ان دونوں جماعتوں  نے مک مکاکیا،ساری جماعتوں نے اعتراف کیا کہ 2013 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔

عمران خان نے لندن دورے کے دوران نمل یونی ورسٹی کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بھی شرکت کی۔ انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو نظام تعلیم چل رہے ہیں، ایک اشرافیہ کے لیے اور دوسرا عوام کے لیے۔ن لیگ اپنے دور اقتدار میں ایسا ہسپتال نہیں بنا سکی جس میں ان کا علاج ہوسکے۔