وزیراعظم کا کراچی میں پانی،بجلی کامسئلہ حل کرنے کا دعویٰ


کراچی(24نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں پانی اوربجلی کامسئلہ حل کرنے کا دعویٰ کیا . انھوں  نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی آج سے الیکٹرک کو گیس فراہم کرے گی۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی ایک روزہ دورے کراچی پہنچے۔ گورنرہاؤس میں توانائی بحران اورسی پیک حوالے سے اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس میں گورنرمحمدزبیر، وفاقی وزیر توانائی، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت عابد شیر علی، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹ سیاستدانوں کو باکسرعامرخان کے حوالے کروں گا: عمران خان

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی اور وفاقی حکومت کے درمیان جو معاملہ ہے اسے 15 روز میں حل کرنا ہے۔ گیس کی فراہمی ملے گی تو مسائل حل ہوجائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کے الیکٹرک کا مسئلہ حل کردیا ہے باقی علاقوں میں 60 اور 70 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے اس کا بوجھ پورا ملک برداشت نہیں کرسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کے الیکٹرک اور  سوئی سدرن کا  تھا وفاق کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، بہرحال مسئلہ حل کردیا ہے اب کراچی والوں کو بجلی ملے گی۔  انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کےمعاملہ پر مفتاح اسماعیل کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

اہم خبر: الیکشن کمیشن کے اقدام پر نوٹس،چیف جسٹس نے نواز شریف کو خوشخبری سنادی

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کے الیکٹرک پرائیویٹ  کمپنی ہے اسے سرکاری تحویل میں لینے کا کوئی امکان نہیں،  کے الیکٹرک نیپرا کے ٹیرف پر چلتی ہے، زیادہ چارج اور سر چارج نہیں کر سکتی۔ انھوں نے کہا  کہ کے  الیکٹرک نےلکھ کر دیا ہے ان کے پلانٹس چل رہے ہیں  ان کو جو مسئلہ درپیش تھا وہ  گیس کی کمی پوری ہونے پر ختم ہوجائے گا۔ تاہم انھوں نے کہا کہ بل کی ادائیگی ضروری ہے کیوں کہ بل کا سپلائی سے براہ راست تعلق ہے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں