ڈالر اور سونا مزید سستا!!

ڈالر اور سونا مزید سستا!!


کراچی(24 نیوز) مارکیٹ میں روپے کی قدر مزید بہتر ہو گئی، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 71 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ایک روپیہ سستا ہو گیا۔ یورو کی قیمت بھی کم ہو گئی۔مارکیٹ میں روپے کی قدر بہتر ہونے سے پاکستان میں سونا بھی سستا ہو گیا، فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کم ہو گئی۔

کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا،اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے خاتمے پر ڈالر کی قدر 71 پیسے کی کمی سے 157 روپے 52 پیسے رہ گئی، یورو ایک روپے 25 پیسے سستا ہو کر 174 روپے 20 پیسے کا ہو گیا،تاہم برطانوی پاؤنڈ 29 پیسے مہنگا ہو کر 192 روپے 45 پیسے کا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 1 روپے 14 پیسے کم ہوئی۔

 ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک روپے کی کمی سے 157 روپے 90 پیسے ہو گئی، یورو بھی ایک روپے سستا ہو کر 174 روپے 50 پیسے کا ہو گیا،برطانوی پاونڈ کی قیمت 192 روپے 50 پیسے برقرار رہی۔

سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کی کمی سے ستاسی ہزار ایک سو روپے رہ گئی،، دس گرام سونا چھ سو چھیاسی روپے کی کمی سے چوہتر ہزار چھ سو چوہتر روپے کا ہو گیاجبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت اڑسٹھ ہزار چار سو اکاون روپے فی دس گرام ہو گئی۔

عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں استحکام رہا، ایسوی ایشن کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے سونے کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer