پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،مضر صحت تیل پروڈکشن یونٹ سربمہر


لاہور(24نیوز) مزنگ کے گنجان آبادعلاقے میں فیٹ رینڈرنگ یونٹ پکڑا گیا فوڈ اتھارٹی نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے 2400 کلو فیٹ، بھاری مقدار میں آلائشیں برآمد کر لیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر کے ہمراہ مزنگ میں واقع  شہباز اینیمل فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ مارا۔جہاں آلائشوں اور چربی سے تیل تیار کر کے خوردنی تیل اور گھی بنایا جا رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق آلائشوں اور چربی سے تیار کیےجانے والے خوردنی تیل کو مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کے ڈبوں میں پیک کیا جارہا تھا۔

ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر کے مطابق شہر بھر سے مرغیوں کی آلائشوں اور  جانوروں کی چربی کو اکٹھا کر کے تیل تیار کیا جاتا ہے۔ چربی سے نکلا تیل انسانی استعمال کے لیے مضر ہے۔ ایسا تیل صرف بائیو ڈیزل یا صابن سازی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 واضح رہے کہ فوڈا تھارٹی نے کارروائی عمل میں لاتے ہوے شہباز اینیمل فیٹ رینڈرنگ یونٹ کو مکمل سیل کردیا ہے۔