ن لیگ کے ایم پی اے رضا نصر اللہ گھمن کا مستعفی ہونے کا اعلان

ن لیگ کے ایم پی اے رضا نصر اللہ گھمن کا مستعفی ہونے کا اعلان


فیصل آباد (24نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کا شیرازہ بکھرنے لگا، ایک اور رکن صوبائی اسمبلی رضا نصر اللہ گھمن نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ پیر حمید الدین سیالوی کل گوجرانوالا میں اسٹیج لگائیں گے جہاں مزید ن لیگی ارکان کے استعفے آنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے قانون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے بعد حکمران جماعت ن لیگ کے اندر جو بھونچال آیا اس کے آفٹر شاکس اب تک جاری ہیں۔ پہلے تحریک لبیک نے فیض آباد میں دھرنا دیا اور پھر پیر حمید الدین سیالوی میدان میں آ گئے۔

پیرحمیدالدین سیالوی کے فیصل آباد جلسہ میں قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے تین ن لیگی ارکان نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ اب فیصل آباد سے منتخب حکمران جماعت کے ایک اوررکن صوبائی اسمبلی رضا نصر اللہ گھمن نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔

پیرحمیدالدین سیالوی فیصل آباد کے بعد اتوار کو گوجرانوالا میں پنڈال سجائیں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گوجرانوالا کے کنونشن میں بھی مزید ن لیگی ارکان اسمبلی مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کی عوامی تحریک نے بھی پیر حمید الدین سیالوی سے رابطہ کیا ہے جس میں مل کر آگے بڑھنے پراتفاق کیا گیا ہے۔ اگر ایسا ہو گیا تو ن لیگ کی مشکلات دو چند ہو جائیں گی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ دسمبر کا آخری ہفتہ ملکی سیاست میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 31دسمبر کو طاہر القادری کی پنجاب حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم ہو رہی ہے۔ 2017 کا آخری ہفتہ ممکن ہے 2108 کے سیاسی منظرنامہ کا تعین کر دے۔