اسلام آباد: تین روزہ اسپیکرز کانفرنس کا آغاز کل ہو گا

اسلام آباد: تین روزہ اسپیکرز کانفرنس کا آغاز کل ہو گا


اسلام آباد (24 نیوز) تین روزہ سپیکرز کانفرنس کا آغاز کل سے ہو گا۔ کانفرنس کا مقصد خطہ میں امن، روابط اور خوشحالی کے لیے پارلیمانی تعاون پر توجہ دینا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے افغانستان اور ایران کے اسپیکر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کل سے شروع ہونے والے تین روزہ اسپیکرز کانفرنس میں افغانستان، چین، ایران، پاکستان، روس اور ترکی سمیت علاقائی اسپیکر اپنے متعلقہ پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں شریک ممالک دہشت گردی کے خاتمہ، امن برقرار رکھنے، عوام اور ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے بامقصد بات چیت کریں گے۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے اسپیکرز کا پارلیمانی وفود کے ہمراہ اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران کے اسپیکر علی لارے جانی اور افغانستان کے اسپیکرعبدالرؤف ابراہیمی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

علاوہ ازیں افغانستان کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی نے وفد کے ہمراہ اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔ ہمسایہ ممالک کی خود مختاری اور سالمیت پر مکمل یقین رکھتےہیں۔

افغان اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی تمام ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس پر جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہو گی۔