احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف ڈی ایم جی افسران کی ہڑتال،وزیر اعلیٰ نے بھی اجلاس طلب کرلیا


لاہور(24نیوز)سابق ڈائریکٹر ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے، ڈی ایم جی افسران نے احتجاج شروع کردیا ہے، احد چیمہ گروپ کے افسران نے ہڑتال کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجا ب بھر کے ڈی ایم جی افسران کااجلاس پی کام میں جاری ہے، اجلاس میں ڈی ایم جی افسروں کے علاوہ دیگرافسر بھی شریک ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر دانش افضال نے اپنے دفتر کو تالا لگا دیا، ڈی ایم جی افسر آج سیکرٹریٹ کام کیلئے نہیں آئے، ڈی ایم جی احد چیمہ گروپ ہڑتال پرچلا گیا، دفاتر کو تالے لگا دئیے ہیں۔
دوسری طرف صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے4بجے پنجاب کابینہ کااجلاس طلب کرلیا،کابینہ اجلاس کاایجنڈا احدچیمہ کی گرفتاری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے طاقت اور صوابدیدی ختیارات کا غلط استعمال کیا جارہا ہے،صوبے میں پبلک سرونٹس کو ہراساں اور ان سے ہتک آمیز سلوک کیا جارہا ہے۔قرار داد میں کہا گیا کہ اس طرح کے اقدامات سے پبلک سرونٹس میں شدید تشویش اور ان میں عدم تحفظ کا احساس پایا جا رہا ہے جوکہ حکومت کے معمول کے کاموں کیلئے خطرناک ہے، وفاق اور صوبائی حکومت پنجاب میں پبلک سرونٹس کے حقوق کی حفاظت اور انسانی عزت کو یقینی طور پر ممکن بنائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ نیب انصاف اور شفاف طریقے سے عوامی مفاداور قانون کے مطابق اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔