ایف ٹی ایف میں پاکستان اپنا کیس ہار گیا' گرے لسٹ میں شامل


اسلام آباد (24 نیوز ) پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حکومتی ذرائع نے تصدیق کر دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کا نام جون میں فہرست میں ڈال دیا جائے گا، سعودی عرب اس کانفرنس میں آبزرور تھا لیکن سعودی عرب نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت نہیں کی، مشکل وقت میں پاکستان کو چین کی مدد بھی حاصل نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق، ترکی معاملے پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ پاکستان کو ان ملکوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا جن ملکوں پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام لگایا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ شکریہ ترکی، تمام مشکلوں کے باوجود پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا ثابت کر دیا ہم ایک ہیں، ہمیں ترکی جیسا بھائی ہونے پر فخر ہے۔

خیال رہے فیصلے سے معاشی طور پر ملک کے لیے متعدد مشکلات پیدا ہوجائیں گے ، ملک کی کریڈٹ ریٹنگ اور مالی ساکھ کو دھچکا پہنچے گا۔ ایشیا پیسیفک گروپ میں بھی پاکستان کی شمولیت خطرے میں پڑ گئی ہے ۔ اِس فیصلے کو واضح طور پر امریکی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کا قیام 1989 میں عمل میں لایا گیا تھا۔