پی ایس ایل تھری، سلطانز، قلندرز آج ٹکرانے کو تیار


 دبئی(24نیوز)پی ایس ایل تھری کے پہلے معرکے میں کامیابی کے بعد ملتان سلطانزآج لاہور قلندرز کے مدمقابل آئیں گے۔ دونوں ٹیموں کے پاس موثر باؤلنگ اٹیک کی موجودگی بلے بازوں کا امتحان ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کے پہلے معرکے میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد دوسرے میچ میں ملتان کے سلطان آج دبئی انٹر نیشنل سٹیڈیم میں لاہور کے قلندروں کے سے ٹکرائیں گے۔

سلطانز اور قلندرز کا باؤلنگ اٹیک بہتر ین ہے تو بیٹنگ میں بھی دونوں ٹیمیں ہم پلہ دکھائی دیتی ہیں۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف کامیابی کے بعد ملتان سلطانز کے بلے بازوں کے اعتماد میں اضافہ ہو ا ہے۔

کمارا سنگاکارا، احمد شہزاد ، صہیب مقصود، شعیب ملک اور کیرن پولارڈ لاہورقلندرز کے باولرز سہیل خان ، سنیل نرائن ، یاسر شاہ، مچل میکلارگن اور رضاحسن کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ملتان سلطانز کے باؤلنگ اٹیک میں محمد عرفان ، سہیل تنویر ، جنید خان ، ولجوائن ، عمران طاہر اور شعیب ملک کی موجودگی میں لاہور قلندرزکے بلے بازوں فخر زمان ،کمیرون ڈیلپوٹ ، برینڈن میکولم ،عمر اکمل کے لئے کھل کر کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔