پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں زور و شور سے جاری، انتظامیہ نے کمر کس لی


کراچی(24نیوز) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی زیر صدارت پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کے لئے اعلیٰ سطح کا اجلاس نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوا، فائنل میں شہر قائد کے باسیوں کو بہترین سہولیات دینے کے لئے انتظامیہ نے کمر کس لی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈم کراچی میں اس حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی سربراہی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی۔میئرکراچی، کمشنر کراچی،ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ، سمیت دیگر اداروں کے افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ پانی، سیوریج، سڑکوں کی تیاری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اور شائقین کے لئے اسٹیڈیم تک رسائی اور وہاں سے واپسی کے لئے ٹرانسپورٹ شٹل سروسز سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے اندورنی تمام انتظامات کو این ایل سی اور پی سی بی کی معاونت سے کم و بیش مکمل کرلیا گیا ہے۔  وزیرِ بلدیات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت پی ایس ایل فائنل کامیابی سے منعقد کروائے گی ۔