پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز نے پہلی کامیابی سمیٹ لی

پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز نے پہلی کامیابی سمیٹ لی


دبئی (24 نیوز) پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز نے پہلی کامیابی سمیٹے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 19 رنز سے ہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 150 رنز کا ہدف دیا، جو وہ پورا کرنے میں ناکام ہوئی اور صرف 130 رنز بنا سکی۔ کراچی کنگز کے شاہد آفریدی نے شاندار کیچ پکڑ کر خوب داد سمیٹی۔

پہلے 5 اوورز میں کوئٹہ کی تین وکٹیں گر گئیں تھیں۔ شین واٹسن ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق 6 گیندوں پر 2 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر خرم منظور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پیٹرسن 4 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ملز کی گیند پر روی بوپارہ نے ان کا کیچ لیا۔ کپتان سرفراز احمد کو شاہد آفریدی نے ایل بی ڈیبلو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 6 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔ محمد نواز نے 20 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ محمد عامر کی گیند پر رضوان نے وکٹ کے عقب میں ان کا کیچ لیا۔ انور علی نے 10 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔ ملز کی گیند پر رضوان نے ان کا کیچ لیا۔ آرچر 4 گیندوں پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عرفان کی گیند پر ڈینلے نے ان کا کیچ لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، ملز اور عرفان نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عامر اور شاہد آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ڈینلے چوتھے اوور میں 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 12 گیندوں پر 10 رنز بناسکے۔ راحت علی کی گیند پر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی 4 رنز بنا کر واٹسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ محمد عرفان کو واٹسن نے عمر امین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ محمد رضوان 3 گیندوں پر 5 رنز بنا کر واٹسن کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے واٹسن نے 3، آرچر اور انور علی نے 2، 2 وکٹ حاصل کئے۔ راحت علی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کمان سرفراز احمد نے سنبھالی ہے۔