لندن فلیٹس ضمنی ریفرنس نے شریف خاندان کیلئے نئی مشکلات کو جنم دیدیا

لندن فلیٹس ضمنی ریفرنس نے شریف خاندان کیلئے نئی مشکلات کو جنم دیدیا


اسلام آباد (24 نیوز) لندن فلیٹس ضمنی ریفرنس نے شریف خاندان کے لئے نئی مشکلات کو جنم دے دیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف آج 14ویں مرتبہ احتساب عدالت کے رو برو پیش ہونگے۔ آج استغاثہ کے مزید تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

شریف فیملی کیخلاف تین نیب ریفرنس، العزیزیہ ریفرنس کی 25 ویں، فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 22 ویں اور لندن فلیٹس ریفرنس کی 21 ویں سماعت آج ہوگی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔

سابق وزیراعظم کی 14 ویں ، مریم نواز کی 16 ویں اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 18 ویں پیشی ہوگی۔ ملزمان کی موجودگی میں تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے، احتساب عدالت نے آفاق احمد، عذیر ریحان اور غلام مصطفیٰ کو بطور گواہ طلب کر رکھا ہے۔ وکیل صفائی خواجہ حارث گواہوں پر جرح بھی کریں گے۔

نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کیخلاف بھی انکی غیر موجودگی میں شہادتیں ریکارڈ کی جائیں گی۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں نیب نے ضمنی ریفرنس بھی دائر کردیا ہے۔ جس میں مزید سات نئے گواہان شامل کیے گئے ہیں۔