راؤ انوار کہاں ہے ؟میں نہیں جانتا: وزیر داخلہ سندھ

راؤ انوار کہاں ہے ؟میں نہیں جانتا: وزیر داخلہ سندھ


کراچی(24نیوز)صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے معاملے پر محتاط رویہ اختیارکرلیا، کہتے ہیں راؤ انوار کہاں ہے وہ نہیں جانتے لیکن اگر راؤ انوار کو کمیٹی پر تحقظات ہیں تو وہ آئی جی سندھ کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں، انکوائری کمیٹی مکمل بااختیار ہے اور کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راؤ انوار کو اگر کسی افسر پر تحفظات ہیں تو وہ آئی جی پی کے پاس جائیں اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کریں اور اگر وہ کسی افسر کے پاس اپنا بیان جمع نہیں کروانا چاہتے تو آئی جی پی کے پاس اپنا بیان جمع کراسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو مکمل اختیارات حاصل ہیں، کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں۔
سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا موقف ہے کہ اگر واقعے میں غلطی ہوئی تو انہیں تفتیش کرنے دی جاتی، انہیں کسی سے دشمنی لینے کا شوق نہیں ہے ، شارع فیصل پر ہونے والا پولیس مقابلہ بھی جعلی نکلا، آئی جی سندھ نے اس مقابلے پر تو انعام کا اعلان بھی کیا تھا لیکن اس مقابلے کی کوئی تحقیقات سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب انکوائری کمیٹی نے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو بیان ریکارڈ کرانے طلب کررکھا ہے اور نقیب محسود کے اہلخانہ کی جانب سے راؤ انوار کے خلاف مقدمہ بھی درج کرائے جانے کا امکان ہے ۔